پاکستان کے سینیئر اداکار مظہر علی انتقال کر گئے
پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کرنے والے سینیئر اداکار مظہر علی 70 سال کی عمر میں طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مظہر علی طویل عرصے سے عارضہ قلب اور پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا تھا اور وہ پاکستان سمیت امریکا میں بھی زیر علاج رہے۔
مظہر علی نے پی ٹی وی سے کیریئر کا آغاز کیا اور انہوں نے متعدد مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کے دلوں پر راج کیا۔
پی ٹی وی کے مطابق مظہر علی کچھ عرصہ قبل ہی پاکستان آئے ہوئے تھے اور سندھ کے دارالحکومت کراچی میں علالت کے باعث انتقال کر گئے۔
ان کے مقبول ڈراموں میں ’’افشاں،عروسہ، شاہین، کالی دیمک‘‘ اور ’’کانچ کی گڑیا‘‘ شامل ہیں۔
مرحوم نے لواحقین میں بیوہ اور تین بچے چھوڑے ہیں، ان کی بیوہ اور بچے کینیڈا میں ہی مقیم ہیں۔