بھارت کومنہ توڑ جواب دینے کی حکمت عملی تیار ،واہگہ بارڈر بند، تجارتی تعلقات ختم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ،سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیاہے کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا،واہگہ بارڈر بند،بھارت کے ساتھ ثقافتی، سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم اورفضائی حدودکھولنے پر نظر ثانی کی جائیگی۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے اہم قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ہر سطح پر بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا جائے گا۔ بھارت کے ساتھ ثقافتی، سفارتی اور تجارتی تعلقات پر بھی نظر ثانی ہوگی جبکہ موجودہ حالات میں فضائی حدود کھولنے کے فیصلے پر بھی نظر ثانی کی جائیگی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر سیاسی، سفارتی اور قانونی پہلووں کا جائزہ لینے اور تجاویز مرتب کرنے کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں وزیر خارجہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او)، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی احمر بلال صوفی شامل ہیں۔ گزشتہ روز کور کمانڈرز کانفرنس میں بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے واضح کردیا تھا کہ پاک فوج کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ آخری حد تک جائیگی ۔