کنٹرول لائن پر شدید گولہ باری ، ایک شہید، متعدد زخمی ، 3مکانات تباہ پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی ، کئی بھارتی فوجی مارے گئے
آٹھ مقام:بھارتی فوج کی وادی گریس میں سویلین آبادیوں پر بلا اشتعال فائرنگ ،ایک شخص شہید، متعد د زخمی ، تین مکانات تباہ۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے ضلع نیلم کے بالائی علاقہ گریس ویلی میں منگل کی صبح بھارتی فوج نے بھاری توپخانے اور موٹار گنوں سے بلا اشتعال گولہ باری کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
بھارتی فوج نے ہلمت، تایوبٹم پھلاوائی، نکرو میں سویلین آبادیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ گولہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آمدہ اطلاعات کے مطابق تین مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں ۔ایک شخص محمد جلیل ولد محمدشاہ شہید ہو گیا ہے۔ جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں ہسپتال منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق درجنوں مکانات کو شدید نْقصان پہنچا ہے۔ پاکستانی فوج کی طرف سے جوابی کاروائی کی جا رہی ہے بھارتی چوکیوں پر آگ بھڑک اُٹھی ہے۔ کئی بھارتی فوجیوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔