حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کے لیے وزیراعظم نے 17 اہم فیصلےکر لیے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو اسے کئی چیلنجز کا سامنا تھا جس سے نمٹنے کے لیے عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے کافی کوشش کی اور اِس کوشش میں موجودہ حکومت کافی حد تک کامیاب بھی رہی۔ موجودہ حکومت کو ایک سال مکمل ہوا تو اپوزیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی ایک سالہ کارکردگی پر کئی سوالات اُٹھا دئے اور کئی مرتبہ تو دوبارہ انتخابات کی گونج بھی سُنائی دی۔
حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کے لیے وزیراعظم عمران خان خود سامنے آئے اور انہوں نے 17 ایسے فیصلے کر لیے ہیں جن سے حکومت کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کی کوشش کی جائے گی۔ قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوامی مشکلات، کمزورمعیشت اور حکومت پر بڑھتی تنقید کے باعث عوامی مفاد میں 17اہم ترین فیصلے کرلئے ہیں جن کے تحت کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی اورگیس بل جمع کرانے کی مقررہ مدت 6 دن سے بڑھا 15 دن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔
بل جمع کروانے کی مختصرمہلت کے باعث بجلی وگیس صارفین کو سالانہ 10ارب روپے جرمانہ اداکرنا پڑتا ہے ۔ وزیراعظم نے درجہ چہارم کے ملازمین کی وفاقی حکومت میں ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کے لیے حتمی سمری اورتشدد کا شکار بچوں اور دیگر ناانصافیوں کا شکار افراد کے لیے لاء ڈویژن ایک ہفتے کے اندر عمران خان لیگل ہیلپ لائن لانچ کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔
متحدہ عرب امارات،قطر اور دوسرے مشرق وسطیٰ کے ملکوں کی مدد سے ملازمت کو مواقع میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ایک ماہ کے اندر 4 مختص شدہ ڈرائیونگ لائسنس سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن نے تمام متعلقہ وزارتوں کو احکامات ارسال کردئیے ہیں۔ قومی اخبار کو موصول ہونے والی سرکاری دستاویز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عوامی مفاد میں نئے اقدام کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارت توانائی کو سمری وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔
ذرائع کے مطابق بجلی اور گیس کمپنیوں نے کیش فلو اورآمدن میں کمی کے باعث اس اقدام کی مخالفت کی ۔ دستاویز کے مطابق وزیراعظم نے درجہ چہارم کے ملازمین کی وفاقی حکومت میں ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کے لیے وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ کو قواعد کو حتمی شکل دیں گے ۔ وزیراعظم نے اس معاملے میں ہدایت کی ہے جس سے آئندہ ایک سال کے دوران 10ہزار سے زائد افراد کو ملازمت مل سکے گی۔
وزارت خار جہ کے بیرون ملک مشنز کو برآمدات،کاروبار اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے نئی جہت دینے کی ہدایت کی گئی ہے جس سے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا ۔ ایوی ایشن ڈویژن موسم کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے ایک ماہ کے اندر موبائل ایپ متعارف کروائے گا ۔ وزارت صحت ایک ہفتے میںپمز کی طرز پراو پی ڈیز میں مریضوں کی سہولت کے لیے قطار اور ٹوکن کا نظام متعارف کروائے گی۔
پانی کی بہتر ترسیل کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جے آئی سی اے کی مدد سے ایک ماہ کے اندر پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرے گا ۔وزارت قانون بغیر کسی تاخیر کے چائلڈ پورنوگرافی اور تشدد کے خلاف مؤثر قانون سازی کرے گی ۔ تشدد کا شکار بچوں اور دیگر ناانصافیوں کا شکار افراد کے لیے لا ڈویژن ایک ہفتے کے اندر ’’عمران خان لیگل ہیلپ لائن ای میل‘‘لانچ کرے گا۔
پاکستان ریلویز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سیکرٹری ریلویز کے ساتھ مل کر اعلیٰ سطح پر قابل افسران بھرتی کریں گے۔ اوور سیز پاکستانی ڈویژن 15 دن کے اندر کال سرزمین موبائل ایپ لانچ کرے گا ۔عوام کو سینیٹ اور قومی اسمبلی کی کارروائی دکھانے کے لیے عام آدمی گیلری مختص کی جائے گی ۔اور سرکاری دفاتر میں عوام کی سہولت کے لیے اہل فرنٹ ڈیسک افسران کا تقر ر کیا جائے گا۔