پی آئی اے کا مختلف شہروں سے براہ راست بین الاقوامی پروازیں چلانے کا فیصلہ

لاہور: پی آئی اے نے مختلف شہروں سے براہ راست بین الاقوامی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی موجودہ مینجمنٹ نے قومی ایئرلائن سے سفر کرنے والے مسافروں کے لئے نت نئے سیکٹرز پر براہ راست پی آئی اے کی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے 14 اکتوبر سے اسلام آباد سے کوالالمپور کے درمیان براہ راست پرواز چلانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ پشاور سے مدینہ منورہ اور دمام کے لئے براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔ اس حوالے سے پی آئی اے حکام نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور روٹس سمیت اسٹاف کی ڈیوٹی کا شیڈول بھی مرتب دے دیا گیا ہے اسی طرح 15 نومبر سے سیالکوٹ سے کویت کے درمیان براہ راست پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جو ہفتے میں 2 روز چلائی جایا کریں گی۔

ان پروازوں کے چلائے جانے کے حوالے سے پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو ان سیکٹر پر خاطرخواہ ریونیو حاصل ہوگا اور بنائے جانے والے ان نئے سیکٹر پر سفر کرنے والے مسافروں کو بھی خاطر خواہ سہولتیں میسر ہوں گی۔
دوسری جانب پی آئی اے نے یورپ سے آنے اورجانے والی پروازوں میں اپنے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا بھی اعلان کردیا ہے، یہ رعایت بارسلونا ،اوسلو، کوپن ہیگن،پیرس اور میلان سے اسلام آباد آنے والی پرواز پر ہوگی اور اس کا اطلاق 30 نومبر تک رہے گا

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے