اسٹیٹ بینک نے معذور افراد کے لیے رعایتی قرضوں کی فراہمی کا اعلان کردیا

کراچی: ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ خصوصی افراد 5 فیصد کی رعایتی شرح سود پر 15 لاکھ روپے مالیت تک کے قرضہ حاصل کرسکیں گے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خصوصی افراد کے لئے رعایتی قرضوں کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت خصوصی افراد 5 فیصد کی رعایتی شرح سود پر 15 لاکھ روپے مالیت تک کے قرضہ حاصل کرسکیں گے۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور پر قومی اسمبلی کی مجلسِ قائمہ کا ساتواں اجلاس اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں منعقد ہوا، جس میں خصوصی افراد کے لیے رعایتی قرضوں کی سہولت کا اعلان گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے کیا۔
اسکیم کے تحت بینک اور ترقیاتی مالی ادارے نئے کاروباری ادارے بنانے کے لیے یا پہلے سے قائم اداروں کی توسیع کے لیے خصوصی افراد کو قرضے کی سہولت دیں گے، جب کہ اسٹیٹ بینک اِن افراد کو دیئے گئے قرضے کے 100 فیصد کے مساوی ری فنانس بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کو فراہم کرے گا، اورخصوصی افراد کو جاری کردہ قرضوں کا 60 فیصد رسک کوریج بھی اسٹیٹ بینک ہی ادا کرے گا۔

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کاکہنا تھا کہ خصوصی افراد زیادہ سے زیادہ 5 سال کے لیے، جس میں چھ ماہ کی رعایتی مدت بھی شامل ہوگی، 15 لاکھ روپے تک قرضہ حاصل کر سکتے ہیں، قرضے کی اس سہولت کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پاکستان میں خصوصی افراد کے سماجی و معاشی حالات بہتر بنائے جائیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے