وزیراعظم کا آزادکشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حالیہ زلزلے کے نتیجے سے متاثر افراد سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی. ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیر کے حکام کی جانب سے امدادی، ریلیف اور بحالی کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی.

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں منعقد اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر برائے کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اور نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹنٹ جنرل محمد افضل بھی شریک تھیں.

انہوں نے ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی، دورے کے دوران وزیراعظم نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا.

میر پور کے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں اقوام متحدہ میں تھا جب زلزلے کا علم ہوا اور مجھے بہت افسوس ہوا‘انہوں نے کہا کہ میں فوری طور پر یہاں کا دورہ کرنا چاہتا تھا مگر امریکا سے واپسی میں تاخیر ہوئی. وزیراعظم نے کہا کہ مجھے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر آزاد کشمیر اور میرپور کے لوگوں سے دلی ہمدردی ہے، میں ان کا دکھ محسوس کرسکتا ہوں‘انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے ایک پیکیج تشکیل دے رہی ہے اور زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے .

وزیراعظم عمران خان کے دورے سے قبل علاقے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے‘ میرپور کے ڈویژنل کمشنر چوہدری چوہدری محمد طیب کے مطابق ضلع میرپور میں زلزلے کے نتیجے میں اموات کی تعداد سے 40 تک پہنچ گئی، جن میں سے 38 افراد میرپور جبکہ صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں 2 افراد جاں بحق ہوئے.

انہوں نے کہا تھا کہ ضلع میرپور میں 172 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ 680 افراد کو زلزلے کے نتیجے میں معمولی زخم آئے‘ڈویژنل کمشنر نے کہا تھا کہ شدید زخمی افراد میں سے 27 تاحال ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال اور 3 کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں زیر علاج ہیں.

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے