وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی ڈیرہ غازی خان میں وزیراعلیٰ بن گئے
ڈیرہ غازی خان (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی ڈیرہ غازی خان میں وزیراعلیٰ بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی طاہر بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں منصوبے کا افتتاح کیا۔ منصوبے پر تختی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے نام کی تھی لیکن افتتاح ان کے بھائی طاہر بزدار نے کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی طاہر بزدار نے بغیر سرکاری عہدے کے سرکاری پراجیکٹس کا افتتاح کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہ خبر سامنے آنے پر بزدار سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اقربا پروری کو فروغ دینا شروع کر دیا ہے جو وزیراعظم عمران خان کے احکامات کی دھجیاں اُڑانے کے مترادف ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ سوال اُٹھایا گیا کہ وزیراعلیٰ پناجب سردار عثمان بزدار کے بھائی نے کس حیثیت سے سرکاری پراجیکٹس کا افتتاح کیا جبکہ پراجیکٹ پر تختی وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کی لگی ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی خبر موصول ہوئی تھی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی سردار جعفربزدار نے وزیراعلیٰ ہاؤس کا لیٹر پیڈ استعمال کیا جس پر ایک گاڑی کا نمبر درج ہے۔
لیٹر پیڈ پر تحریر کیا گیا کہ گاڑی کا مالک قریبی عزیز ہے۔ لیٹر پیڈ پر سردار جعفر بزدار کا نام واضح طور پر درج ہے۔ لیٹر پیڈر کی تصویر ایک ٹریفک وارڈن نے بنائی تھی ۔ مذکورہ گاڑی کے مالک نے اس لیٹر پیڈ کی لیمینیشن کروائی ہوئی تھی اور وہ شہر میں جگہ جگہ یہ لیٹر پیڈ دکھا کر چالان ہونے سے اپنی جان چُھڑواتا تھا۔ لیکن بعد ازاں تفتیش کرنے پر یہ تحریر جعلی نکلی تھی۔ جس پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس بھی لے لیا تھا۔