خشکی میں سانس لینے والی عجیب وغریب مچھلی

جارجیا: امریکی ریاست جارجیا کے محکمہ جنگلی و قدرتی حیات نے اعلان کیا ہے کہ ناردرن اسنیک ہیڈ نامی عجیب وغریب مچھلی پانی سے نکل کر خشکی پر سانس لینے آتی ہے اور کوئی بھی اسے دیکھے تو بلاتامل اسے مارڈالے۔

اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے جارجیا کے محکمہ قدرتی وسائل نے کہا ہے کہ اس کی مادہ ایک سال میں ایک لاکھ انڈے دیتی ہے۔ یہ مچھلی اپنے آگے کسی اور جاندار کو ٹھہرنے نہیں دیتی اسی بنا پر یہ گھس بیٹھی نوع (انویزو اسپیشیز) ہے۔ حال ہی میں اسے جارجیا میں پہلی مرتبہ دیکھا گیا ہے۔

ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ یہ مچھلی بہت تیزی سے امریکا کی 15 ریاستوں میں پھیل چکی ہے اور اس پر دو سائنس فکشن ڈراؤنی فلمیں بھی بن چکی ہیں۔

یہ مچھلی یورپ اور ایشیا کے میٹھے پانی میں عام پائی جاتی ہے لیکن حال ہی میں اٹلانٹا کے ایک تالاب میں اسے دیکھا گیا جس کے بعد وارننگ جاری کی گئی ہے اور اس میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے حکومتی ادارے نے زور دے کر کہا ہے کہ ’اسے ماحول یا پانی میں زندہ نہ چھوڑیں اور فوری طور پر مارڈالیں‘۔

یہ مچھلی دیکھنے میں بھی عجیب وغریب ہے۔ اس کی جسامت تین فٹ تک ہے اور سانپ نما لمبوتری ہے۔ یہ فوری طور پر مینڈکوں اور تالاب کی دیگر مچھلیوں کو بے رحمی سے شکار کرکے اپنی تعداد بڑھاتی رہتی ہے۔ سال میں کئی مرتبہ یہ انڈے دیتی ہے اور ان سے لاتعداد مچھلیاں نمودار ہوتی ہیں۔

قدرت نے اسے خشکی پر سانس لینے کے قابل بنایا ہے اور یہ پانی سے باہر نکل کر خشکی پر سانس لینے آتی ہے اور عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ اسے وہیں مار دیا جائے یہاں تک کہ اگر پانی ختم ہوجائے تو یہ مچھلی کئی روز تک زندہ رہ سکتی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے