بزرگ کا انتقام؛ 159 سائیکلوں کی گدیاں چوری کرلیں

ٹوکیو: جب پولیس نے 61 سالہ بزرگ، آکیو ہاتوری کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں سے سائیکلوں کی ایک دو نہیں بلکہ پوری 159 گدیاں برآمد ہوئیں جن کے بارے میں ہاتوری کا کہنا تھا کہ وہ پیشہ ور چور نہیں بلکہ انہوں نے انتقامی کارروائی کے طور پر یہ گدیاں چوری کی تھیں۔

اس دلچسپ کیس کی تفصیل ملاحظہ کیجئے:

گزشتہ ہفتے جاپان میں ٹوکیو پولیس کو ایک عجیب و غریب شکایت موصول ہوئی کہ ایک صاحب کی سائیکل کی گدی چوری ہوگئی تھی۔ اگرچہ اس چوری کی نوعیت بہت معمولی تھی لیکن پولیس نے چور کی تلاش شروع کردی۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے معلوم ہوا کہ سائیکلیں کھڑی کرنے والی جگہ پر ایک عمر رسیدہ شخص آیا جس نے خاموشی سے سائیکل کی گدی چوری کی اور چلتا بنا۔ شناخت ہونے پر معلوم ہوا کہ اس کا نام آکیو ہاتوری ہے جو وہاں سے کچھ ہی دوری پر رہتا ہے۔

پولیس کو یقین تھا کہ سائیکل کی چوری شدہ گدی انہیں اس کے گھر سے برآمد ہوجائے گی لیکن جب پولیس نے چھاپہ مارا تو وہاں سے ایک دو نہیں بلکہ وہاں سے سائیکلوں کی پوری 159 گدیاں برآمد ہوئیں۔

ہاتوری نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کوئی پیشہ ور چور نہیں بلکہ پچھلے سال کسی ستم ظریف نے اس کی سائیکل کی گدی چرا لی تھی جس کے سبب اسے شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد سے اس نے بھی انتقامی کارروائی کرتے ہوئے دوسروں کی سائیکلوں کی گدیاں چوری کرنا شروع کردیں۔

’میں چاہتا تھا دوسروں کو بھی معلوم ہو کہ سائیکل کی گدی کوئی معمولی چیز نہیں بلکہ اس کے چوری ہوجانے سے بھی کتنی تکلیف اور اذیت اٹھانی پڑ سکتی ہے،‘‘ ہاتوری نے پولیس کو بتایا۔

واضح رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ گاڑیاں بنانے والے ممالک میں جاپان کا تیسرا نمبر ہے لیکن پھر بھی وہاں زیادہ تر لوگ آمد و رفت کےلیے سائیکلیں ہی زیادہ استعمال کرتے ہیں۔

اب ہاتوری پولیس کی حراست میں ہے لیکن شاید اسے معمولی سزا یا جرمانے کے بعد چھوڑ دیا جائے

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے