موبائل فون کے لیے کیسنگ بھول جائیں، زندہ کھال پہنائیں

پیرس: موبائل فون کے لیے حفاظتی کیسنگ دنیا بھر میں استعمال ہوتی ہے اور اس کا بنیادی مقصد نازک اسمارٹ فون کی حفاظت کرنا ہوتا ہے لیکن اب اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ اور دیگر آلات کے لیے ایک کیسنگ بنائی گئی ہے جس کی بدولت آپ نہ صرف فون کو گدگدی اور چٹکی بھرسکتے ہیں بلکہ اس کے کئی فنکشنز کو کنٹرول بھی کرسکتے ہیں۔

فرانس میں واقع ٹیلی کوم پیرس سے وابستہ مارک ٹیسیئر اور ان کے محقق ساتھیوں نے مختلف آلات بشمول فون کے لیے ایسی مصنوعی برقی جلد بنائی ہے جو کئی طرح کے انسانی رویوں پر اپنی حرکات کا اظہار کرتی ہے۔ یہ عجیب وغریب مصنوعی جلد چٹکی لینے، چھونے اور انگلی کو گول گھمانے پر کئی طرح کا ردِ عمل ظاہر کرتی ہے۔

مارک نے بتایا کہ وہ اپنے فون کو چٹکی بھرنا چاہتے تھے لیکن اب یہ جلد عین انسانوں کے جذبات اور روابط کو ظاہر کرتی ہے۔ مثلاً اگر جلد کو زور سے دبایا جائے تو ہم انسان تکلیف اور غصے کا اظہار کریں گے جبکہ ہلکی تھپتھپاہٹ توجہ کو ظاہر کرتی ہے اور مسلسل تھپکی سکون دینے کے زمرے میں آتی ہے۔
سائنس دانوں نے دو طرح کی جلد تیار کی ہیں ایک تو ہوبہو انسانوں جیسی ہے اور دوسری جلد قدرے ہموار سطح پر مشتمل ہے۔ مصنوعی جلد پر تین پرتیں لگائی گئی ہیں۔ ایک پرت یا تہہ لچک دار تانبے کی ہے جس سلیکون کی دو تہوں میں سینڈوچ کے درمیان رکھا گیا ہے۔ جیسے ہی سلیکون پر دباؤ بڑھتا ہے سسٹم کا برقی چارج کم یا زیادہ ہوتا جاتا ہے لیکن اس تبدیلی کو دیکھتے ہوئے کوئی سینسر بنانا سب سے بڑا چیلنج تھا۔

اگلے مرحلے میں ماہرین کی ٹیم نے اسمارٹ فون کیس، ٹچ پیڈ اور اسمارٹ واچ کا پٹہ بنایا ہے اور اس سے بہت دلچسپ کام لیے ہیں جو اوپر ویڈیو میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ اسمارٹ مصنوعی جلد کے ذریعے انہوں نے لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فون کے کئی فیچر انجام دیئے ہیں جو اس کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

اگلے مرحلے میں اس پر انسانی جلد جیسے بال اگائے جائیں گے اور سردی گرمی محسوس کرنے کا سینسر بھی لگایا جائے گا۔ اس سے قبل مارک ایک مصنوعی انگلی بناچکے ہیں جو اسمارٹ فون کو میز پر رینگنے میں مدد دیتی ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے