سب سے اونچی آواز میں شور کرنے والا پرندہ

برازیل: پرندوں کی دنیا بھی عجیب و غریب مخلوقات سے بھری ہوئی ہے، اب ماہرین نے دنیا کا سب سے زیادہ ’چیخو‘ پرندہ دریافت کرلیا ہے جس کی آواز کی شدت 125 ڈیسی بیل کے لگ بھگ ہے۔

اسے ’وائٹ بیل برڈ‘ کہا جاتا ہے اور اس کا نر پرندہ تیز آواز میں چلانے کا ماہر ہے۔ اب ماہرین نے اسے زمین کا سب سے تیز آواز والا پرندہ قرار دیا ہے کیونکہ آواز کے ثبوت بھی مل گئے ہیں۔

بعض پرندے خوبصورت چہچہاہٹ اور سریلی آواز سے پہچانے جاتے ہیں لیکن وائٹ بیل برڈ کی آواز ایک ہارن جیسی ہوتی ہے۔ کبھی یوں لگتا ہے کہ یہ آواز کسی ڈجیٹل سسٹم سے خارج ہورہی ہے۔ اسی بنا پر ماہرین نے اسے سب سے اونچی آواز میں شور کرنے والا پرندہ قرار دیا ہے۔
یہ پرندہ شمالی برازیل میں ایمیزون کی پہاڑیوں پر رہتا ہے اور انتہائی سفید ہوتا ہے اس کی پکار جنگل میں دور دور تک سنی جاتی ہے۔ جسمانی رویوں کے ماہرین کے مطابق اس کی تیز آواز مادہ پرندوں کو متوجہ کرنے کے لیے ہوتی ہے۔ اگر اسے دور سے بھی کوئی مادہ نظر آتی ہے تو یہ اپنے سر کا رخ اس کی جانب کرتا ہے اور تیز آواز میں چلانا شروع کردیتا ہے۔

اس پر تحقیق کرنے والے ماہرین نے کہا ہے کہ کئی مرتبہ مادہ نر کی تیز پکار سن کر اس کے انتہائی قریب جا پہنچتی ہے اور دلچسپ بات یہ ہےکہ اس کے بعد بھی نر چیختا رہتا ہے لیکن مادہ اس کی آواز کی پروا کیے بغیر قریب بیٹھی رہتی ہے۔ بعض ماہرین حیران ہیں کہ آخر اس طرح مادہ کی سماعت متاثر کیوں نہیں ہوتی۔

وائٹ بیل برڈ کی آواز کی شدت 125.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس تحقیق کے سربراہ جیف پوڈوس کے مطابق اب تک کی معلومات کے تحت یہ سب سے بلند آواز پرندہ ہے جس کے ثبوت ریکارڈ کرلیے گئے ہیں۔ اس کی آواز درخت چیرنے والی چین سا یا زمین چھوڑتے جیٹ طیارے جتنی شدید ہے جو انسانی سماعت کو شدید متاثر کرسکتی ہے اور تکلیف دہ بھی ہوتی ہے۔

قبل ازیں پیہا پرندے کو ہی تیز صدا کا مالک سمجھا جاتا تھا لیکن وائٹ بیل برڈ نے سب کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے