روڈ حادثوں اور سماجی برائیوں کی آگہی پر تصاویر بنانے والا فوٹوگرافر ویب ڈیسک ایک گھنٹہ پہلے
کیرالا: بھارتی فوٹوگرافر نے تصویر کشی کو ایک نئے اور اہم مقصد کے لیے استعمال کرکےدنیا بھر میں شہرت حاصل کی ہے۔
19 سالہ حافظ ساجد نے پہلے ٹریفک حادثات اور غفلت پر تصاویر بنائیں جو بہت پسند کی گئیں ۔ان کی ایک تصویر دنیا بھر میں مشہور ہوئی جس میں خاتون کا دوپٹہ موٹرسائیکل کے پہیے میں پھنسا دکھائی دیتا ہے اور یہ سب منظر اتنا حقیقی لگتا ہے کہ تصویر کشی کی داد دینی پڑتی ہے۔
اس کے علاوہ حافظ نے ہیلمٹ کی اہمیت اور دیگر امور پر تصاویر بنائی ہیں جو سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہوئی ہیں اور لوگوں نے سڑک و سفر کے حفاظتی اقدامات پر ان کی تخلیقات کو بہت پسند کیا ہے۔ یہاں تک کہ اس نے حادثے کی وجہ بننے والی چھوٹی چھوٹٰی باتوں کا بھی خیال رکھا ہے اور اسے ایک وسیع کینوس پر پیش کیا ہے۔
حافظ کی ایک اور تصویر میں انہوں نے پیغام دیا ہے کہ سڑک پر کار کا دروازہ کھولنے سے قبل پیچھے ضرور دیکھیں تاکہ کسی ناگہانی حادثے سے بچا جاسکے۔ یہ تصویر بھی بہت پسند کی گئی اور تیزی سے وائرل ہوئی۔ حافظ کے انسٹاگرام فالوور کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے اور مسلسل بڑھ رہی ہے-
اس کے علاوہ انہوں نے منشیات، خواتین سے بدسلوکی، اسٹریٹ کرائم اور ہراساں کرنے کے عمل پر بھی تصاویر بنائی ہیں جو ان کے نئے منصوبے کا حصہ ہے۔ اب یہ حال ہے کہ کئی ادارے اپنی مصنوعات اور پیغام کی تشہیر کے لیے بھی حافظ سے رابطہ کرتے ہیں اور ان سے اپنی تشہیری مہمات کے لیے مشاورت بھی کرتے ہیں۔