چینی مالکان کا ملازمین کے پاؤں دھوکر ان کی خدمات کا اعتراف
یجنگ: چین میں کمپنی مالکان کی طرف سے ملازمین کو ہدف پورا نہ کرنے پر طرح طرح کی سزائیں دینے کی خبریں آتی رہتی ہیں لیکن اب ایک کاسمیٹک کمپنی کے دو مالکان نے اپنے بہترین ملازمین کی خدمات اور محنت کا اعتراف ان کے پاؤں دھوکر کیا ہے۔
اس سے قبل چینی کمپنیوں نے سربراہ اپنے نالائق ملازموں کو لال بیگ کھلاتے اور سڑک پر رینگنے کی سزا دیتے رہے ہیں۔ لیکن اب صوبہ جینان سے بننے والی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔ ویڈیو میں دو خواتین ایگزیکٹو کو دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ بہت سے ملازمین کے جوتےاتار کر ان کے پاؤں دھورہی ہیں۔ یہ ویڈیو چین میں تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
یہ واقعہ دو نومبر کو پیش آیا ہے جس میں میک اپ مصنوعات کا ہدف پورا کرنے والے ملازموں کو کرسیوں پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے ۔ سب سے پہلے کمپنی کی دو خواتین ایگزیکٹو اسٹیج پر آتی ہیں اور احترام میں جھکتی ہیں جہاں 8 ملازمین بیٹھے ہیں ۔ مالکان ملازمین کے جوتے اتارتی ہیں اور پھر بڑے احترام سے ان کے پاؤں دھوتی ہیں۔ اس طرح ایک کے بعد ایک وہ ہر ملازم کے پیر دھلاتی ہیں۔
اس تمام عمل کا مقصد ان ملازمین کا شکریہ ادا کرنا تھا جنہوں نے دن رات محنت کرکے کمپنی کو فائدہ پہنچایا۔ اس سے خود ملازمین کا مورال بھی بلند ہوا ہے۔
تاہم چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ وائبو پر اس پر تنقید کی جارہی ہے اور ایک صارف نے کہا ہے کہ کمپنی نے ملازمین کو کوئی انعام نہیں دیا صرف ان کے پاؤں دھوکر جان چھڑالی۔ ایک اور شخص نے اسے نچلے درجے کا شعبدہ قرار دیا ہے۔