ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی, آسٹریلیا کو ہرانے کی صلاحیت موجود تا ہم مقابلہ سخت,شعیب ملک
کینگروزکے پاس اچھے کھلاڑی موجود ،بھارت کو ہرانے کے بعد ان کے ڈریسنگ روم کا ماحول بدل چکا، ہرانے کیلئے جارحانہ انداز اپنانا پڑے گا ون ڈے میچوں میں کامیابی کیلئے ایک سے زائد ان فارم پلیئرز درکارہوتے ہیں،آرام کرنیوالے قومی پلیئر ز ورلڈکپ کا حصہ ہونگے :قومی کپتان
شارجہ (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی گزشتہ روز کردی گئی ،کینگروکپتان آرون فنچ اور قومی کپتان شعیب ملک نے ٹرافی کی رونمائی کی ۔شعیب ملک آسٹریلین چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں جن کا کہنا ہے کہ کینگروزکے پاس کافی اچھے کھلاڑی موجود ہیں،بھارت کو ہرانے کے بعد ان کے ڈریسنگ روم کا ماحول بدل چکا ہے ، لہٰذاا نہیں ہرانے کیلئے ان جیسا جارحانہ انداز اپنانا پڑے گا، ون ڈے میچوں میں کامیابی کیلئے ایک سے زائد ان فارم پلیئرز درکارہوتے ہیں۔ میڈیا کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ان کی نوجوان پلیئرز پر مشتمل ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی،آسٹریلیا کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم مقابلہ سخت ہوگا۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ہمیں تو اپنی ہوم سیریز بھی وطن اور گھر سے دور کھیلنا پڑتی ہے لہٰذا کھلاڑی آرام کے مستحق ہیں تاہم آرام کرنیوالے کھلاڑی ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گے ۔ قومی کپتان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی وکٹیں سپنرز کیلئے سازگار ہوتی ہیں لیکن پاکستان کی طرح آسٹریلیا کے پاس بھی اچھے اسپنرز ہیں اور بھارت کیخلاف سیریز کی کامیابی کے سبب ان کا حوصلہ بلند ہے البتہ کنڈیشنز کا فائدہ پاکستان کو حاصل ہوگا۔