فلسطینی مزید صدمے سہنے کے لیے تیار رہیں، نیتن یاہو کی دھمکی

تل ابيب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ سے تعلق رکھنے والی فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہادِ اسلامی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سے راکٹ حملے روکے جائیں ورنہ مزید صدموں کو سہنے کے لیے تیار رہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی تنظیم ’جہاد اسلامی‘ کو مخاطب کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اسرائیل پر حملے روکنے یا صدمے سہنے میں سے کسی ایک کو منتخب کرلیں۔ اگر جہاد اسلامی نے راکٹ حملے بند نہیں کیے تو تابڑ توبڑ حملے کریں گے۔اسرائیل کسی رحم کے بغیر ان حملوں کا جواب دے گا۔

منگل کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ میں ’جہاد اسلامی‘ کے کمانڈر ابو العطا کے گھر پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں کمانڈر اپنی اہلیہ سمیت شہید ہوگئے تھے جب کہ دیگر 5 افراد بھی لقمہ اجل بن گئے تھے جب کہ آج بھی فضائی حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 22 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔
اسی دن اسی طرح کا ایک اور حملہ شام میں بھی ایک کمانڈر کے گھر پر کیا گیا تھا جس میں جہاد اسلامی کے ایک سیاسی رہنما شہید ہوگئے تھے جس کے جواب میں جہاد اسلامی نے اسرائیل کی جانب کم سے کم 220 راکٹ فائر کیے تھے۔ راکٹ حملوں پر اسرائیلی طیاروں نے غزہ پر تباہ کن بمباری کی تھی۔

واضح رہے کہ اسرائیل میں انتہائی قدامت پسند اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینٹ کی تعیناتی کے بعد سے نہ صرف غزہ پر فضائی حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ فلسطینی جہادی تنظیم کے کمانڈرز کو شام میں بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے