جاپان کا ایک ڈالر ہوٹل، لیکن آپ کی ویڈیو براہِ راست نشر کی جائے گی
ٹوکیو: جاپان تو کیا دنیا بھر میں کسی بھی جگہ پر 200 روپے میں ہوٹل کا کمرہ نہیں ملتا لیکن جاپانی شہر فوقوکا میں شہر کے مرکزی شاپنگ سیںٹر سے صرف 15 منٹ کی پیدل مسافت پر واقع ایک ہوٹل میں یہ کمرا دستیاب ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہوٹل کا کمرا ہفتے میں کسی بھی دن کے لیے دستیاب ہے۔
لیکن یہاں رکنے سے قبل آپ کو ہوٹل کے معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے جس کے تحت وہ کمرے میں رہتے ہوئے آپ کی ویڈیو براہِ راست یوٹیوب پر نشر کرے گا۔ یہ کارروائی براہِ راست نشر کی جائے گی جسے ظاہر ہے دنیا کے سب لوگ دیکھ سکتے ہیں۔
اس ہوٹل کا نام بزنس ریوکان آساہی ہے اور کوئی بھی اس منفرد پیشکش کا فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ چھٹیوں میں بھی یہ ہوٹل ہر خاص و عام کے لیے دستیاب ہے۔ کمپنی کے مطابق وی لاگرز اور یوٹیوب پر مشہور لوگ یہاں ٹھہر کر اس ہوٹل کی شہرت میں اضافہ کرسکتے ہیں لیکن ہوٹل کے کمرے عام افراد کے لیے بھی کھلے ہیں لیکن اس کے لیے آپ کو اپنی پرائیویسی قربان کرنا ہوگی۔
ہوٹل کا کمرا چھوٹا سا ہے اور اس کمرے میں کیمرے سے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں لیکن آپ کی آواز کسی کو سنائی نہیں دیتی کیونکہ ٹی وی پروگرام یا کمرشل کی آڈیو نشر ہونے سے یوٹیوب پر کاپی رائٹ کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب سوتے میں نہ ہی کوئی آپ کے خراٹے سن سکتا ہے اور خودکلامی بھی کہیں نشر نہیں ہوتی۔
ایک اخباری نمائندے نے کیمرے والے اس کمرے میں رہنے کا ارادہ کیا تو انہیں بطورِ خاص کمرہ نمبر 8 دیا گیا۔ یہ کمرہ کبھی کبھار ہی بُک کیا جاتا تھا جس کا کرایہ کم کرکے سب سے پہلے یہ کمرہ ایک ڈالر کی آفر پر رکھا گیا۔
اگر آپ کبھی فوقوکا جائیں اور کم قیمت پر رہائش آزمانا چاہیں تو یہ ہوٹل آپ ہی کے لیے ہے۔