امریکی ریاست اوکلاہوما میں فائرنگ، حملہ آور سمیت 3 افراد ہلاک

اوکلاہاما: امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر ڈنکن میں وال مارٹ کی پارکنگ میں فائرنگ سے حملہ آور سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈنکن پولیس اسٹیشن ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ٹیرا میتھس نے کہا ہے کہ ’ ایک کار میں ایک مرد اور عورت ہلاک کیے گئے جبکہ کار کے باہر ایک شخص کی لاش ملی ہے اور اسی کے پاس ایک پستول بھی ملا ہے۔‘

انہوں نے مرنے والوں کے نام اور عمر بتانے سےگریز کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت یہ معلومات دستیاب نہیں جبکہ ان کی دیگر معلومات بھی دستیاب نہیں، حملہ آور کے بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا گیا تاہم مقامی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ حملہ آور بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔
پولیس نے اس تاثر کی نفی کی ہے کہ تہرے قتل کی یہ واردات کسی خانگی جھگڑے کی وجہ سے ہوئی۔ اسی حوالے سے اوکلاہوما ہائی وے پیٹرول اور اسٹیفن کاؤنٹی شیرف نے باقاعدہ تفتیش شروع کردی ہے۔ واقعے کے بعد تمام اسکولوں میں بچوں کو باہر نکلنے سے منع کردیا گیا اور تھوڑی دیر بعد ہی یہ پابندی ہٹالی گئی۔

واردات کے کچھ دیر بعد وال مارٹ معمول کے مطابق کھل گیا۔ وال مارٹ کی دوسری جانب ایک نرسنگ ہوم کی مالک لِن گریگسٹن نے بتایا کہ اسے پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ حملہ آور شخص نے دونوں مرد اور خواتین کو قتل کرکے خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا۔

یاد رہے کہ اسی سال اگست میں ٹیکساس کے شہر ایل پاسو میں وال مارٹ کی پارکنگ میں ایک حملہ آور نے فائرنگ کرکے 22 افراد کو قتل کردیا تھا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے