عوام کو ایک اور جھٹکا،فی یونٹ بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری
اسلام آباد :نیپرانے فی یونٹ بجلی 14 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق نیپرا نے گزشتہ ہفتے کی گئی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر تے ہوئے فی یونٹ بجلی 14 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔اقدام سے صارفین پر سالانہ 14ارب 78کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔
بجلی مہنگی کرنے کی منظوری رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔ نیپرا کے مطابق فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک اور ماہانہ 50یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہو گا۔واضح رہے کہ نیپرا نے گزشتہ ہفتے بجلی مہنگی کرنے کے حوالے سے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔درخواست میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی پاور پرچیز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 17پیسے مہنگی کرکے صارفین پر سالانہ سترہ ارب روپے 20کروڑ کا اضافہ منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔