ترکی میں لوگوں کے قرض اتارنے والا پراسرار مہربان
استنبول: ترکی میں ایک پراسرار شخص اب تک سامنے نہیں آسکا جو کئی ماہ سے غریب افراد کے راشن اور دیگر اخراجات کے لیے رقم فراہم کررہا ہے۔
استنبول کے نواحی علاقے تزلا میں عموماً مزدور اور مچھیرے رہتے ہیں۔ یہاں کےلوگ اس وقت حیران ہوجاتے ہیں جب ان کے دروازے کےباہر لفافے میں رقم ملتی ہے۔
قصبے میں راشن کی سب سے بڑی دکان میں ایک شخص اکثر آتا ہے جس کے ساتھ چار افراد خطیر رقم لیے کھڑے ہوتے ہیں۔ وہ شخص دکان کے مالک سے وہ رجسٹر مانگتا ہے جس میں لوگوں کے ادھار کےکھاتے، نام اور پتے درج ہوتے ہیں۔ اس کے بعد وہ غائب ہوجاتا ہے اور کچھ روز بعد دوبارہ راشن کی دکان پر آکر کہتا ہے کہ اس نے فلاں گھر کا قرض ادا کردیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ شخص استنبول کے غریبوں کو مزید رقم بھی دیتا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی میں معیشت کی خرابی اور کرنسی کی بے قدری سے لوگ اپنے بل تک ادا کرنے سے قاصر ہیں اور دوسری جانب لوگ گزارہ کرنے سے قاصر ہیں۔ لیکن اس صورتحال میں پراسرار سخی شخص ہرممکن انداز میں لوگوں کی مدد کررہا ہے اور یہ سلسلہ ایک سال سے جاری ہے۔
تزلا کے ایک اور دکاندار نے بھی کہا کہ اس نے اپنے 30 سالہ تجربے میں اس کا مظاہرہ نہیں کیا۔ تمام غریب افراد قرض کی ادائیگی پر بہت خوش ہیں اور اس شخص سے ملنا چاہتے ہیں لیکن اب تک ان کا ہمدرد سامنے نہیں آسکا ہے۔
ترکی کے بعض افراد نے یہ بھی کہا ہے کہ رات کے وقت ان کے گھر کے اندر کوئی لفافہ داخل کرتا ہے جس میں خطیر رقم موجود ہوتی ہے۔