چھوٹے تاجروں کیلیے فکسڈ ٹیکس اسکیم، شناختی کارڈ شرط برقرار رہیگی، شبر زیدی
اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ چھوٹے تاجروں کیلیے فکسڈ ٹیکس اسکیم تیار کرلی گئی ہے،10کروڑ روپے ٹرن اوور پر 0.5 فیصد ٹیکس لگایا جائے گا، 50 ہزار روپے کی خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط برقرار رہے گی جب کہ 30 جنوری کے بعد خلاف ورزی کرنے پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں شبر زیدی نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 5ماہ کے دوران ریونیو شارٹ فال دو سو ارب روپے کے لگ بھگ رہا ہے،ملکی درآمدات میں 4ارب ڈالر سے زائد کی کمی آئی ہے،اگر درآمدات کم نہ ہوتیں تو ٹیکس کلیکشن کا ہدف آسانی سے پورا کیاجاسکتا تھا۔
چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ محصولات میںگزشتہ سال سے17 فیصد اضافہ ہوا ہے اور کل 1618 ارب روپے ٹیکس محصولات جمع ہوئے ہیں ،اسمال میڈیم انٹرپرائزز کو پہلے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے،کاٹیج انڈسٹری کی سالانہ تیس لاکھ روپے پیداوار پر ٹیکس عائد ہے اور آئندہ بجٹ میں کارٹیج انڈسٹری کیلیے ساٹھ لاکھ کی پیداوار پر ٹیکس کی تجویز کو زیر غور لایا جائے گا۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے برطانیہ سے19 کروڑ پاؤنڈ زکی منتقلی اورہرہفتے ڈالرز کی خریداری کی تفصیلات دینے سے انکارکردیا۔