پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو سزائے موت دینے کا حکم سنایا ہے ، تین رکنی بینچ نے دو ایک سے فیصلہ سنایا،فیصلہ خصوصی عدالت کے جج جسٹس سیٹھ وقار نے سنایا۔یاد رہے مسلم لیگ (ن) نے پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کا مقدمہ نومبر 2013 میں درج کیا تھا۔ یہ مقدمہ پرویز مشرف پر آرمی چیف کی حیثیت سے تین نومبر 2007ء کو ملک کا آئین معطل کر کے ایمرجنسی لگانے کے اقدام پر درج کیا گیا تھا۔مقدمے میں اب تک 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں جب کہ اس دوران 4 جج تبدیل ہوئے۔عدالت نے متعدد مرتبہ پرویز مشرف کو وقت دیا لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ مارچ 2014 میں خصوصی عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کی گئی تھی۔