80 سالہ شادی شدہ زندگی گزارنے والے معمر ترین جوڑے کا ورلڈ ریکارڈ
ٹیکساس: جان اور شارلوٹ کو دنیا کے معمر ترین جوڑے کا اعزاز خود گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے دیا ہے، شارلوٹ کی عمر 105 اور جان کی عمر 106 برس ہے اور دونوں کی شادی کو 80 برس بیت چکے ہیں۔
دونوں کی داستانِ محبت 1934ء میں شعبہ حیوانیات کی کلاس میں شروع ہوئی جب جان ہینڈرسن کی عمر 21 برس تھی اور وہ 20 سالہ شارلوٹ کرٹس کے قریب ہی بیٹھے تھے۔ جیسے ہی جان کی نظر شارلوٹ پر گئی وہ شرمیلی لڑکی جان کو بھاگئی۔ دوسری جانب شارلوٹ نے کہا کہ جان کو دوست سمجھنے لگیں اور جان پیچھے بیٹھے مسلسل ان کے کاندھے کو دیکھ رہے تھے۔
اس کے بعد یہ جوڑا شادی کے بندھن میں بندھ گیا اور اب 22 دسمبر کو ان کی شادی کی 80 ویں سالگرہ ہے جس پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے انہیں سب سے عمررسیدہ شادی شدہ جوڑا قرار دیا ہوئے سند عطا کی ہے۔
اپنی جوانی میں جان اعلیٰ تعلیم کے لیے یونیورسٹی آف ٹیکساس آگئے تھے اس وقت یہاں کی آبادی 50 ہزار تھی جو اب بڑھ کر 20 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ دوسری جانب شارلوٹ 1914ء میں آئیووا میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے بھی ٹیکساس یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا۔
تاہم محبت کے بعد بھی دونوں نے شادی کا فیصلہ کرنے میں 5 برس لگا دیئے۔ اس وقت امریکا میں معاشی بحران تھا جس میں شارلوٹ تدریس سے وابستہ ہوئیں اور جان باسکٹ بال کے کوچ بنے تھے۔ اس طرح کچھ رقم جمع ہوئی اور 22 دسمبر 1939ء کو دونوں کی شادی ہوگئی جس کی تقریب بہت سادہ تھی۔
شادی کے بعد جب جان نے ایک آئل کمپنی میں ملازمت اختیار کی تو ان کے گھر میں خوشحالی آگئی اور اس کے بعد جان 1972ء میں اس کمپنی سے ریٹائرڈ ہوگئے تھے۔
جان کے مطابق ٹی وی کی ایجاد ان کے سامنے ہوئی کیونکہ اس سے قبل ریڈیو کا راج تھا۔ 1950ء میں ٹی وی منظرِ عام پر آیا اور جان اسے اپنی زندگی کی بہترین ایجاد قرار دیتے ہیں۔
جب دونوں سے ان کی طویل العمری کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے انہوں نے زندگی میں اعتدال کو اس کی وجہ قرار دیا جبکہ جان اب بھی ورزش کرتے ہیں۔ دونوں میاں بیوی کی سماعت اور صحت بہترین ہے