جسٹس فائز کے خلاف بینچ سے تین ججزکو الگ کرنے کی درخواست خارج
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے پر لارجر بینچ سے تین ججزکو الگ کرنے کی درخواست خارج کردی گئی۔
چیف جسٹس پاکستان گلزاراحمد نے وکیل کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کی درخواست پر رجسٹرار کے آرڈر کے خلاف اپیل کی اِن چیمبرسماعت کی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف ریفرنس کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ سے جسٹس عمر عطاء بندیال ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منظور ملک کو الگ کیا جائے۔
کرنل (ر)انعام الرحیم دوران سماعت عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ سپریم کورٹ نےعدم پیروی کی بنیادپر اپیل خارج کردی۔
واضح رہے کہ کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم 16 دسمبر سے لاپتہ ہیں۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں راولپنڈی میں رہائش گاہ سے اغوا کر لیا گیا ہے۔ ایڈووکیٹ انعام الرحیم کی بازیابی کامقدمہ ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں زیرسماعت ہے اور اہل خانہ نے ان کےاغواکامقدمہ بھی درج کروارکھاہے۔