سانحہ کرائسٹ چرچ: شہید اریب کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی
کراچی: نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں شہید پاکستانی شہری سید اریب احمد کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر اور وزیر بلدیات سعید غنی بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
شہید کی نمازجنازہ ایف بی ایریا سنگم گراؤنڈ دستگیر نمبر 9 میں سہ پہر 3 بجے ادا کی جائے گی، علامہ مفتی عبدالعزیز حنفی امامت کے فرائض سر انجام دیں گے۔ تدفین سخی حسن قبرستان میں کی جائے گی۔ واضح رہے اریب چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، جبکہ ان کی ایک چھوٹی بہن بھی ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اریب کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہے، اریب کی فیملی کیلئے جو کچھ کرنا پڑا کریں گے، وزیراعظم نیوزی لینڈ نے اپنے رویے سے عالم اسلام کا دل جیت لیا۔ انہوں نے کہا اس واقعہ کو دہشتگردی کے علاوہ کوئی نام نہیں دینا چاہیئے، اس کو وہی سزا ہونی چاہیئے جو سفاک قاتل کو دی جاتی ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا غیر قانونی اسلحہ پاکستان میں بھی موجود ہے، وزیراعظم عمران خان کراچی آ رہے ہیں، ان سے اسلحہ سے متعلق بات ہوگی۔ انہوں نے کہا دنیا میں اسلام کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے، اسلام ہمیں مل جل کر رہنے کی تعلیم دیتا ہے، ہمیں اس پیغام کو دنیا تک پہنچانا ہے، دہشتگردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ اریب ماں باپ کا ایک ہی بیٹا تھا، پاکستان کو بھی اسلحہ قانون سازی پر نظر ثانی کرنی چاہیئے، وزیراعظم نیوزی لینڈ کے رویے کی مثال نہیں ملتی۔