پی ٹی وی کی ترکش ڈرامے ’’ارطغرل‘‘ کو نشر نہ کرنے کی افواہوں کی تردید

کراچی: پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی نے مسلمانوں کی تاریخ اور فتوحات پر مبنی مقبول ترین ترکش ڈرامے ’’دیریلش؛ ارطغرل‘‘ کونشر نہ کرنے کی افواہوں کی تردید کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے مسلمانوں کی تاریخ اور لازوال کامیابیوں پر مبنی ترکش ڈرامے’’دیریلش؛ ارطغرل‘‘جسے ترکی کا ’’گیم آف تھرون‘‘ بھی کہا جاتا ہے کو پی ٹی وی سے اردو میں ڈب کرکے نشر کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ڈراما سیریل ’’ارطغرل‘‘ کواردو میں ڈب کرکے نشر کرنے کی خبر سے لوگ بے حد پرجوش ہوگئے تھے، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کررہی ہیں کہ پی ٹی وی نے ڈرامے کی ڈبنگ روک دی ہے اور شاید یہ ڈراما اب پی ٹی وی سے نشر نہیں کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پرچلنے والی رپورٹس کے مطابق پی ٹی وی کے پاس اس ڈرامے کو اردو میں ڈب کرنے کے لیے ذرائع نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس کی ڈبنگ روک دی گئی ہے۔ تاہم پی ٹی وی نے ان تمام افواہوں کی تردید کردی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں لوگوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ جیسے ہی بہترین ڈبنگ ٹیم کو حتمی شکل دی جائے گی ڈراما سیریل ’’دیریلش ؛ ارطغرل‘‘کی ڈبنگ کا آغاز ہوجائے گا۔ پی ٹی وی اپنے چینل پر ناظرین کو ڈرامے کے نشریاتی شیڈول کے حوالے سے وقتاً فوقتاً آگاہ کرتا رہے گا۔


واضح رہے کہ ’’دیریلش؛ ارطغرل‘‘ کی کہانی سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہے اورمسلمان سپہ سالارارطغرل غازی کے گرد گھومتی ہے۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے 13 ویں صدی کے ترک سپہ سالار ارطغرل غازی نے کس طرح منگولوں اور صلیبیوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
یہ ڈراما وزیراعظم عمران خان کا پسندیدہ ڈراما ہے، وزیر اعظم کی معاون خصوصی کے مطابق عمران خان چاہتے ہیں کہ اسلامی تاریخ اور مسلمانوں کی فتوحات پر مبنی اس شہرہ آفاق ڈرامے کو اردو میں پیش کیا جائے تاکہ ہمارے لوگ اسلامی تاریخ سے اچھی طرح واقف ہو سکیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے