امریکی محکمہ انصاف نے صدر ٹرمپ کو بے گناہ قرار دے دیا
واشنگٹن: امریکی محکمہ انصاف نے صدارتی انتخاب میں روس کی مداخلت کی نفی کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو انتخابی ساز باز میں ملوث ہونے کے الزام میں بے گناہ قرار دے دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کے خصوصی نمائندے رابرٹ ملر نے صدارتی الیکشن میں روس کی مبینہ مداخلت اور صدر ٹرمپ کے روس سے مبینہ ساز باز کی چار صفحات پر مبنی تحقیقاتی رپورٹ کانگریس کو پیش کردی۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی انتخاب میں اپنی جیت کے لیے روس سے ساز باز کرنے یا اپنی انتخابی مہم کے لیے روس کی مدد حاصل کرنے کے کوئی ثبوت نہیں مل سکے ہیں اور نہ ہی تحقیقاتی ٹیم کو صدر ٹرمپ کے خلاف ’مجرمانہ‘ عمل کے کوئی ثبوت ملے ہیں۔
امریکی اٹارنی جنرل ولیم بار کا کہنا ہے کہ یہ تحقیقاتی ٹیم 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں شفافیت کو جانچنے کے لیے تشکیل دی گئی تھی، ان انتخابات میں فتح یاب ڈونلڈ ٹرمپ پر روس سے مدد حاصل کرنے کے حساس نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ امریکا میں درجن بھر روسی شخصیات اور بشمول کچھ روسی کمپنیوں پر انتخابات میں مداخلت کے الزام میں یا تو فرد جرم عائد کی جاچکی ہے یا انہیں ملک بدر کیا جا چکا ہے، ان سزاؤں کے باوجود امریکی صدر کو ’شفافیت‘ کا پروانہ جاری ہونا معنی خیز ہے۔