پرندے کی اپنے بچوں سے حیرت انگیز محبت کی لازوال تصاویر

افریقہ: پرندوں کی دنیا بھی بہت انوکھی اور حیرت انگیز ہے۔ اسی طرح افریقی جیکانا پرندہ خطرے کے صورت میں اپنے بچوں کو پروں میں چھپاکر تیزی سے بھاگ سکتا ہے ۔

جیکانہ فیملی میں آٹھ سے زائد مختلف انواع پائی جاتی ہیں جن میں ایک افریقی جیکانا بھی مشہور ہے۔ یہ پرندہ افریقی علاقے صحارا کی جھیلوں میں عام پایا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ منطقہ حارہ کے علاقوں میں بھی اس کی بڑی تعداد دیکھی گئی ہے۔

اپنی لمبی ٹانگوں اور سات سینٹی میٹر تک پھیلے ہوئے پنجوں کی وجہ سے یہ خشکی پر چل سکتے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ قدرت کی عطاکردہ خاص ٹانگیں انہیں سبزے اور کائی بھری جھیلوں اور تالابوں میں بھی چلنے میں مدد دیتی ہیں۔

ان پرندوں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اپنی زندگی کا زیادہ تر وقت پانی کے آس پاس رہتے ہوئے ہی گزارتے ہیں اور کبھی کبھار ہی اڑان بھرتے ہیں۔

دوسری جانب افریقی جیکانا پانی کے اندر غوطہ لگانے اور تیرنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں ۔ اسی بنا پر وہ خطرے کی صورت میں پانی کے اندر چلے جاتے ہیں اور اس صلاحیت کو اپنی جان بچانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

لیکن اس پرندے کی مادہ ایک سے زائد نروں سے جوڑا بناتی ہے۔ انڈے دینے کے بعد وہ بچوں کی نگہداشت نہیں کرتی اور نر سے بڑی جسامت کی بنا پر اپنے گھر کی چوکیداری کرتی ہے جبکہ نر جیکانا بچوں کو پالتے اور ان کا خیال رکھتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ مادہ جسامت میں نر سے بڑی اور تگڑی ہوتی ہے۔

نرجیکانا بچوں کی حفاظت اور پرورش کا ماہر ہوتا ہے۔ خطرے کے وقت یہ پرندہ اپنے بچوں کو پروں میں چھپا کر اٹھالیتا ہے اور پروں سے نکلی ہوئی ٹانگیں گویا یوں دکھائی دیتی ہیں کہ پرندے کی اضافی ٹانگیں ہیں جو پیدائشی نقص کی وجہ سے نمودار ہوئی ہیں۔

اس طرح پرندہ اپنے بچوں کو محفوظ مقام تک لے جاتا ہے اور کسی بھی خطرے کی صورت میں انہیں اٹھاکر چھپالیتا ہے۔ اگرچہ اس جانور کی بہت کم تصاویر بنائی گئی ہیں۔ لیکن ایک خاتون فوٹوگرافر اندلیکا نے جیکانا کی یہ شاندار تصاویر لی ہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے