خبردار، سوشل میڈیا ’اسکل بریکرچیلنج‘ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے!
میسا چوسٹس: برفیلے پانی سے نہانے، برتن دھونے کا صابن پینے اور لات مارکر بوتل کا ڈھکنا کھولنے کے بعد اب سوشل میڈیا پر تاریخ کا سب سے خوفناک چیلنج جاری ہے جسے ’اسکل بریکر چیلنج‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اس میں دودوست تیسرے کو درمیان میں کھڑا کرکے اسے دونوں پیروں پر اچھلنے کا کہتے ہیں۔ جیسے ہی درمیان میں موجود شخص ہوا میں بلند ہوتا ہے۔ دائیں اوربائیں کھڑے دوست اس کی پنڈلی پر لات مار کے اسے گرانے کی کوشش کرتے ہیں جس سے وہ کمر کے بل جاگرتا ہے۔ اس عمل میں اب تک ہڈیاں ٹوٹ چکی ہیں اوردماغ پر گہری چوٹیں لگنے سے لوگ اسپتال پہنچے ہیں۔ لیکن لوگوں کی اکثریت اس خطرناک عمل کو مقبول بنارہی ہے۔
اسکل بریکر چیلنج کا چرچا ، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور ٹوئٹر پرجاری ہے اور نوعمر لڑکے لڑکیاں اسے کھیل کر خوش ہورہے ہیں اور اس کی ویڈیو بنا کر مختلف پلیٹ فارم پر پوسٹ کررہے ہیں۔ اس ہفتے امریکا میں ایک بچہ یہ چیلنج کرتے ہوئے اپنے ہاتھ کی ہڈی تڑوابیٹھا ہے جبکہ 16 سالہ بچی کی ماں نے اسکول کی انتظامیہ پر مقدمہ دائر کردیا ہے کیونکہ لڑکی کو دھوکے سے اس چیلنج میں لایا گیا تھا اور اچانک اسے اسکل بریکر چیلنج میں دھکیل دیا گیا تھا۔
دسمبر میں شروع ہونے والے اس احمقانہ چیلنج سے اب تک ایک لڑکی کی موت واقع ہوچکی ہے۔ یہ لڑکی سر کے بل گری تھی اور اس کی کھوپڑی کے اندر خون جمنے سے وفات ہوئی تھی۔ دوسری جانب ڈاکٹروں نے اس خطرناک کھیل سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ امریکہ میں کئی بچے اور نوعمر لڑکے لڑکیاں اس کھیل سے زخمی ہوکر ہسپتال لائے گئے ہیں۔
دوسری جانب کئی بچے سرکی چوٹ کی وجہ سے بے ہوش ہوچکے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق میساچیوسیٹس کے علاقے لارنس میں اور 13 سالہ بچی اس کھیل کے ہاتھوں سر کی خوفناک چوٹ کی شکار ہوئی ہے۔ فرش پر گرنے کے بعد لڑکی نے کہا کہ وہ اپنے ہاتھ اور پاؤں محسوس نہیں کرپارہی تھی اور اسے ڈر لگ رہا تھا کہ کہیں وہ مر ہی نہ جائے۔