فیروزخان نے ٹک ٹاک کو کینسرقرار دے دیا
کرچی: اداکار فیروز خان نے ٹِک ٹاک کو کینسر قرار دے دیا۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان میں ہنگامہ مچایا ہوا ہے۔ پہلے حریم شاہ نے ٹک ٹاک کے ذریعے پاکستانی سیاست اور میڈیا میں کھلبلی مچائی اور چند روز قبل مزار قائد پر رقص کرتی ہوئی لڑکی کی ٹک ٹاک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پرنہایت سخت ردعمل دیکھنے میں آیا اور لوگوں نے لڑکی کو بانی پاکستان کے مزار پر رقص کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس عمل کے ذریعے مزار قائد کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ شہریوں کے مطابق ٹک ٹاک ویڈیوز کا معاملہ اس قدر سنگین صورتحال اختیارکرگیا ہے کہ اب بانی پاکستان کے مزار کو بھی نہیں بخشا گیا جو کہ ایک افسوسناک پہلو ہے۔
مزارقائد پررقص کرتی لڑکی کی ویڈیو کے بعد ایک اور خاتون کی ویڈیو سامنے آئی جس میں خاتون کو قبرستان میں ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ اداکار فیروز خان نے بھی ٹک ٹاک ویڈیوز پر شدید تنقید کی ہے۔
فیروز خان نے ان دونوں ویڈیوز کے اسکرین شاٹس اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پرشیئر کیے اورٹک ٹاک کو معاشرے اور نوجوانوں کے لیے کینسر قرار دے دیا۔
Tik tok is cancer. I repeat, cancer ! pic.twitter.com/5hx1EQqgb6
— Feroze Khan (@ferozekhaan) February 26, 2020
واضح رہے کہ مزار قائد پر لڑکی کی رقص کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مزار کی انتظامیہ نے ایف آئی اے سے رجوع کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد مزار قائد کے سیکیورٹی عملے نے کارروائی کرتے ہوئے 6 نوجوانوں کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔