چوبیس گھنٹے میں غائب ہوجانے والی ٹویٹس… بہت جلد!
سلیکان ویلی: انسٹاگرام، فیس بُک اور اسنیپ چیٹ ’’اسٹوریز‘‘ اور واٹس ایپ ’’اسٹیٹس‘‘ کی طرز پر ٹوئٹر نے بھی ’’فلِیٹ‘‘ (Fleet) کے نام سے ایسی ٹویٹس متعارف کروانے کی تیاری شروع کردی ہے جو 24 گھنٹے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گی۔
ٹیکنالوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر اس فیچر پر پچھلے ایک سال سے کام کررہا ہے جبکہ خود ٹوئٹر انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ یہ نیا فیچر تجرباتی طور پر فی الحال برازیل میں متعارف کروا دیا گیا ہے۔
’’فلِیٹ‘‘ فیچر کے تحت بالکل عام ٹویٹس کی طرح ٹویٹس تخلیق کی جاسکیں گی لیکن انہیں ری ٹویٹ نہیں کیا جاسکے گا۔ البتہ ان پر مختصر تبصروں اور ایموجیز کے ذریعے ردِعمل ظاہر کرنے کی سہولت بہرحال موجود ہوگی۔
ٹوئٹر صارفین بھی یہ ’’فلیٹس‘‘ دیکھ سکیں گے بشرطیکہ وہ متعلقہ فرد کو ٹوئٹر پر فالو کررہے ہوں یا پھر وہ فرد ان کے فالوورز میں شامل ہو۔
اگرچہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ’’فلِیٹس‘‘ سے ٹوئٹر کا غلط استعمال بڑھے گا یا نہیں لیکن بعض ماہرین کو خدشہ ہے کہ چوبیس گھنٹوں میں غائب ہوجانے والی ٹویٹس کی وجہ سے ٹوئٹر پر ہراسانی کے خلاف کارروائی مشکل ہوجائے گی کیونکہ ایسی حرکت کرنے والا کوئی بھی فرد اپنی ٹویٹ کے غائب ہوجانے کے بعد مُکر بھی سکتا ہے اور ٹویٹ کی عدم موجودگی میں اس کے خلاف چارہ جوئی بھی تقریباً ناممکن ہو کر رہ جائے گی۔