کورونا وبا؛ سندھ میں مزید 29 مریضوں میں وائرس کی تصدیق
اسلام آباد / کراچی: کورونا وبا کے پیش نظر شہر قائد میں شہریوں سے ’رضاکارانہ تنہائی‘ کی اپیل پر سڑکوں عوامی آمد ورفت انتہائی کم ہوگئی ہے جبکہ مزید 14 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے گزشتہ روز کراچی کے شہریوں سے 3 روزہ رضاکارانہ تنہائی اختیار کرنے کی اپیل کی تھی جس کے تحت شہر قائد میں سڑکوں پر عوامی آمد ورفت انتہائی کم ہے۔ سرکاری اداروں کے بعد نجی اداروں کے دفاتر بھی بند ہوگئے ہیں، سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔
سندھ میں حالات مزید خراب
محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 29 افراد متاثر ہوئے ہیں، کراچی میں 14 جب کہ سکھر کے قرنطینہ میں 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جس کے بعد صوبے بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 267 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 101 ہوگئی ہے۔ کراچی کے مجموعی متاثرین میں سے 60 افراد کو رابطوں کے ذریعے کورونا وائرس لاحق ہوا ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے 477 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 3 جاں بحق ہوئے، 5 مریض صحت یاب ہوگئے جب کہ 466 مریض زیرعلاج ہیں۔ سندھ میں کورونا وائرس کے 241، پنجاب میں 96،بلوچستان میں 81، گلگت بلتستان میں 21، خیبر پختونخوا میں 18، اسلام آباد مین 5 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض زیر علاج ہے۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے شبہ میں 487 افراد کو قائم آئسولیشن سینٹرز میں کورونا کے 1376 مشتبہ مریض موجود ہیں۔ ایران سے 6ہزار 304 زائرین واپس آئے۔ جن میں سے 782 ڈیرہ غازی خان کے قربطینہ میں 782 ، سکھر میں 1059، ڈیرہ اسماعیل خان میں269 ، گلگت میں 330 جب کہ میر پورآزاد کشمیر قرنطینہ میں 4 افراد موجود ہیں۔
2250 زائرین قرنطینہ منتقل
تفتان سے 2ہزار 250 سے زائد افراد قرنطینہ سینٹر منتقل کئے گئے ، جن میں 757زائرین کو سکھر،1247 کو ملتان جب کہ 250 کو خیبر پختونخوا کے قرنطینہ سینٹرز منتقل کر دیا گیا
قرنطینہ سینٹرز میں 23 ہزار سے زائد بستر
ملک بھر میں 23 ہزار بستروں پر مشتمل قرنطینہ سینٹرز قائم کئے گے ہیں۔ پنجاب میں 10 ہزار 943، بلوچستان میں 5 ہزار892 ، سندھ میں 2100، خیبر پختونخوا میں 2760، اسلام آباد میں 350، آزاد کشمیر 530 اور گلگت بلتستان میں 972 بستروں پر مشتمل قرنطینہ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
اسپتالوں میں کورونا ٹریٹمنٹ سینٹر قائم
کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے 35 اسپتالوں میں کورونا ٹریٹمنٹ سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ بلوچستان کے 10، خیبر پختونخوا میں 7 اور پنجاب کے 6 اسپتالوں میں کورونا ٹریٹمنٹ کی سہولیات موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ سندھ کے 4، آزاد کشمیر کے 3، گلگت بلتستان 4 اور اسلام آباد کے ایک اسپتال میں کورونا ٹریٹمنٹ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے 215 اسپتالوں میں 2942 بستروں پر مشتمل آئسولیشن سینٹرز قائم کئے گئے ہیں،پنجاب 50،خیبر پختونخوا 110، بلوچستان میں 14، سندھ میں 4، آزاد کشمیر 15، گلگت 21 اور اسلام آباد میں ایک کورونا آئسولیشن سینٹر قائم ہے۔
14 لاکھ مسافروں کی اسکریننگ
بیرون ملک سے آنے والے 14 لاکھ 9 ہزار 798 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں13ہزار 991 مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔