کورونا وائرس سے نمٹنے کیلیے چینی میڈیکل ٹیم پاکستان پہنچ گئی
اسلام آباد: چینی میڈیکل ٹیم کورونا وائرس پر قابو پانے میں پاکستان کی مدد کیلیے امدادی سامان لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔
کورونا ماہرین پر مشتمل چینی ڈاکٹروں کی 8رکنی میڈیکل ٹیم ارمچی سے خصوصی پرواز کے ذریعے 2 ٹن امدادی سامان لے کر اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتری۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ اور دیگر اعلی حکام نے چینی ڈاکٹرز کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم امدادی سامان، طبی آلات اور میڈیکل ٹیم بھیجنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور ایک پھر دنیا کو دکھا دیا کہ چین پاکستان کا دوست ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں میں چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چین گیا تھا اور آج میں یہاں چین کی طرف سے بھیجے گئے امدادی سامان اور میڈیکل ٹیم کو لینے آیا ہوں۔
#ChinaPakSolidarity China in Action: A 8-member medical team sent by Chinese Government is warmly seen off in Xinjiang before leaving for Pakistan. They will bring expertise in prevention, control, diagnosis&treatment on #COVID19Pakistan! @ArifAlvi @ForeignOfficePk @MFA_China pic.twitter.com/ohjfhtkUHm
— Chinese Emb Pakistan (@CathayPak) March 28, 2020
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ چینی طبی ماہرین کی یہ ٹیم دو ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گی، آج آنے والے سامان میں کورونا کی تشخیص کی ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد کٹس، 20 لاکھ سے زائد ماسک، 77 ہزار میڈیکل کور، 217 ونٹیلیٹرز اور 50ہزار میڈیکل دستانے شامل ہیں۔
#ChinaPakSolidarity China In Action:"We are two nations with one heart! Dear Pakistani brothers and sisters, here we come!" said Chinese medical team upon departure.#COVID19Pakistan! @ArifAlvi@ForeignOfficePk
@MFA_China@zlj517 pic.twitter.com/RkbzIWSXhI— Chinese Emb Pakistan (@CathayPak) March 28, 2020
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ علی بابا فاونڈیشن اور جیک ما فاونڈیشن نے 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور 5 لاکھ حفاظتی ماسک پاکستان کو دیئے ہیں، چین نے درہ خنجراب کے ذریعے بھی دو ٹن ماسک، ٹیسٹ کٹس، وینٹیلیٹرز، طبی حفاظتی لباس بھی پاکستان کے حوالے کئے ہیں۔