ہسپتالوں میں کورونا وائرس کا دباؤ مزید بڑھے گا، عمران خان

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا دباؤ مزید بڑھے گا، وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہے ہیں، ڈاکٹرزاور طبی عملے کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاورکا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کو چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کورونا سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے 3 فروری کو کورونا ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے حال ہی میں 32 ارب کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع میں کورونا وباء دیگرعلاقوں کی نسبت زیادہ پائی گئی۔

خیبر پختونخوا میں 275 قرنطینہ سینٹر بنائے گئے، 18000 افراد کی گنجائش ہے۔ صوبے بھر میں 583 وینٹی لیٹر موجود ہیں جن کی تعداد کو مزید بڑھایا جا رہا ہے۔

ایمرجنسی کے تحت 638 ریگولر اور 1299 کنٹریکٹ اضافی ڈاکٹربھرتی کیے گئے ہیں۔9 ہزار ریٹائرڈ ڈاکٹر، نرسیں، پیرامیڈکل اسٹاف نے رضاکاروں کے طور پر رجسٹریشن کرائی ہے۔ خیبر پختونخوا میں سرکاری سطح پر 400 ریپڈ رسپانس ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت اس وباء پر قابو پانے کیلئے تمام صوبوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے۔

وفاقی حکومت ہر سطح پر تعاون کو یقینی بنائے گی۔ این ڈی ایم اے چین اور دیگر ممالک سے امدادی سامان لا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوائرس کا دباؤ مزید بڑھے گا۔ ڈاکٹرزاور طبی عملے کو یقین دلاتا ہوں آپ کے ساتھ ہیں۔ ہماری توجہ طبی عملے کی حفاظت پر مرکوز ہے۔ مزید برآں پنجاب حکومت نے گھر پر آئسولیشن کیلئے ایس او پیز تیار کرلئے، مناسب وقت پر نفاذ کا عندیہ دے دیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ چینی ڈاکٹرز نے فی الحال ہسپتال میں ہی مریضوں کے علاج کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا لاک ڈاون بڑھانے کا فیصلہ 14 اپریل کے بعد کیا جائیگا، عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے