ایک ضلع سے دوسرے میں جانے کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار
لاہور: حکومت پنجاب نے ایک ضلع سے دوسرے میں جانے کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا، دوسرے صوبے میں سفر کرنے کیلئے بھی کورونا ٹیسٹ لازمی نیگٹوہونا چاہیے، صوبے سے باہر جانے کیلئے سرٹیفکیٹ لینا بھی لازمی دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے لاک ڈاوٴن مزید سخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
جس کے تحت پنجاب بھر میں ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں سفر کرنے والوں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے، اسی طرح صوبے سے باہر جانے کیلئے بھی سرٹیفکیٹ لینا بھی لازمی ہوگا۔ جس کے لیے پنجاب حکومت نے فارم ’’اے اور بی‘‘ متعارف کروا دیا ہے۔ تاہم پنجاب کے ایک ضلع سے دوسرے میں سفر کرنے والوں کیلئے فارم ’’اے‘‘ دکھانا لازمی ہوگا۔
ایک شہر سے دوسرے میں جانے کیلئے ڈیٹا فارم بی دینا ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں تنبیہ کی گئی ہے کہ ایسے شہری جس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آئے گا، وہ ایک شہر سے دوسرے شہر میں نہیں جا سکیں گے۔ واضح رہے پاکستان میں لاک ڈاؤن پر عمل نہ کرنے کے باعث کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آئندہ دنوں کورونا مریضوں میں اموات کی شرح بڑھ سکتی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں14 اموات ہوئیں، جبکہ 254 نئے کیسز کے ساتھ کل کیسزکی تعداد 5038 ہوگئی ہے۔
ان میں50 فیصد کیسز مقامی رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کیلئے سرکاری ویب سائٹ موجود ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق دنیا بھر میں وائرس سے کم از کم ایک لاکھ 10ہزار افراد ہلاک اور تقریباً 18لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 10ہزار تک پہنچ گئی ہے۔