امریکا میں طوفانی بگولوں نے قیامت ڈھا دی، 33 ہلاک

واشنگٹن: امریکا کی جنوبی ریاستوں میں ہوا کے تیز رفتار بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 33 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ درجنوں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاستوں مسیسپی، جارجیا اور کیرولینا میں خراب موسم اور طوفانی بگولوں نے معمولات زندگی معطل کردی اور بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ ریاست مسیسپی میں 15 ، جارجیا میں 8 اور کیرولینا میں 6 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ دیگر ریاستوں سے بھی 2 ہلاکتوں کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔

بارشوں سے قبل طوفانی بگولوں نے درجنوں گھروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔ زیادہ تر ہلاکتیں گھروں کے ملبے تلے دبے ہونے کی وجہ سے ہوئیں جب کہ کچھ ہلاکتیں درختوں اور ہورڈنگز گرنے سے ہوئیں۔ مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

مسلسل بارشوں سے ڈیم ٹوٹ گئے اور پانی دیہاتوں میں داخل ہوگیا جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مٹی بھی سیلابی ریلے میں شامل ہوگئی۔ کیچڑ کے اس سیلاب نے انفراسٹریکچر کو شدید نقصان پہنچایا۔ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہوگئی اور ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 22 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ مصدقہ مریضوں کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ ہوگئی ہے۔ ایسے میں موسم کی خرابی اور طوفانی بگولوں نے صورت حال کو مزید گھمبیر کردیا ہے۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے