ایپل کے کم قیمت اور جدید فیچر سے لیس نئے آئی فون کی رونمائی
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے سام سنگ اور دیگر موبائل فونز کے مقابلے میں کم قیمت لیکن جدید فیچرز سے لیس آئی فون متعارف کرایا ہے جو ایپل کی ’ایس ای سیریز‘ کا نیا ورژن ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکنالوجی بالخصوص موبائلز، ٹیبلیٹس، کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کی دنیا میں راج کرنے والی کمپنی اپیل نے اپنے صارفین کے لیے ایک نئے موبائل فون کی رونمائی کی ہے۔ اس موبائل کی قیمت انتہائی کم رکھ کر اپیل نے اپنے صارفین کی فون مہنگا ہونے کی شکایت دور کردی ہے۔ یہ فون 24 اپریل سے مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔
ایپل کے اس نئے موبائل کا نام ’’ آئی فون ایس ای‘‘ ہے۔ اس سیریز کا پہلا موبائل ایپل نے 2018 میں متعارف کرایا تھا جسے کافی پسندیدگی ملی تھی تاہم نیا ایس ای فون اُس سے بھی بہتر اور جدید فیچر سے لیس موبائل فون ہے۔ شکل میں آئی فون 8 جیسا اور فیچر کے لحاظ سے آئی فون 11 کی طرح ہے۔
آئی فون ایس ای کی اسکرین 4.7 انچ ہے، پروسیسر 11 پرو ہے جب کہ وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی ہے۔ یہ سنگل کیمرے والا موبائل ہے جس کی ریزولیشن 12 میگا پکسل ہے، اسی طرح سیلفی کیمرے کی ریزولیوشن 7 میگا پکسل ہے۔ کیمرے کا معیار بہترین ہے۔ یہ تین مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگا۔
ایپل کے اس نئے فون کی سب سے خاص بات اس کی قیمت بھی آئی فون 8 اور 11 کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔ امریکا میں اس کی قیمت صرف 399 ڈالر ہوگی۔ موبائل مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کم قیمت کا آئی فون متعارف کر کے ایپل نے سام سنگ اور گوگل جیسی کمپنیوں کے درمیانے درجے کی قیمت والے فونز کو چیلینج کیا ہے۔
واضح رہے کہ کووڈ-19 کی وجہ سے دنیا میں موبائل فونز کی مانگ میں کمی کے باوجود موبائل فونز کمپنیاں نئے ماڈل متعارف کرارہی ہیں، رواں ہفتے ہی ون پلس نے اور گزشتہ ماہ چینی کمپنی ہواوے نے پی 40 رینج کے فون کی رونمائی کی تھی