ملک میں کورونا سے ایک دن میں 17 اموات، مریضوں کی تعداد 9749 ہوگئی
ملک بھر میں کورونا نے مزید 17 افراد کی جان لے لی ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 209 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایک لاکھ 18 ہزار 20 مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جب کہ گزشتہ روزکورونا کے 5 ہزار 637 ٹیسٹ کیے گئے، ایک دن میں 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اس وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 9749 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس سے 2156 مریض صحت یاب ہوگئے جب کہ ملک بھر کے 597 اسپتالوں میں کورونا کے 2521 مریض زیرعلاج ہیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 4328 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے علاوہ سندھ میں 3053، خیبرپختونخوا 1345، بلوچستان 495، گلگت بلتستان میں 283، اسلام آباد میں 194 جب کہ آزادکشمیر میں کورونا وائرس کے 51 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ جانی نقصان
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا نے مزید 17 افراد کی جان لے لی ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 209 ہوگئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 80 ہوگئی ہے، سندھ 66، پنجاب 51، بلوچستان میں 6 جب کہ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے 3،3 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔