لیجنڈ گلوکارہ نازیہ حسن کی 54 ویں سالگرہ
3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہونے والی نازیہ حسن کے بارے میں کسی کو گمان نہیں تھا کہ وہ آگے چل کر اپنا اور ملک کا نام روشن کریں گی۔ نازیہ حسن اور ان کے بھائی زوہیب حسن کو پاکستان میں پاپ موسیقی کا بانی کہا جاتاہے۔ نازیہ نے مشرقی اور مغربی موسیقی کے امتزاج سے ایسے گیت پیش کیے جو برسوں گزر جانے کے بعد بھی بے حد مقبول ہیں۔
80 کی دہائی میں بھارتی فلم ’’قربانی‘‘ کے لیے گائے گیت’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘‘ نے نازیہ حسن پرشہرت کے دروازے کھول دیے جب کہ انہیں اس گیت کے لیے بھارت کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈ فلم فیئر سے نوازا گیا اور وہ یہ ایوارڈ پانے والی پہلی پاکستانی بنیں۔
نازیہ حسن نے’’ڈِسکو دیوانے‘‘ کے نام سے اپنے گیتوں کا ایک یادگار البم ریلیز کیا۔ اس کے بعد’’بُوم بُوم‘‘ ، ’’ینگ ترنگ‘‘،’’ہاٹ لائن‘‘ اور’’کیمرا کیمرا‘‘ کے نام سے البم ریلیز کیے۔