شدید گرمی میں سادہ غذا ہی پیٹ کے امراض سے بچا سکتی ہے
کراچی: طبی ماہرین نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں امراض پھیلنے کا خدشہ رہتا ہے،پیٹ کے امراض عام ہیں،مرغن کھانوں سے اجتناب اورپھل،سبزیاں ،پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھانے سے بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔
جناح اسپتال میں کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا ہے کہ گرمی میں پیٹ کے امراض جن میں ڈائیریا، قے آنا، معدے کا درد، پیٹ کا درد، دست سے متاثر افراد زیادہ تعداد میں اسپتال آتے ہیں،نوجوانوں اور بچے پکوڑے، سموسے، برگر، باہر کی روغنی اشیا زیادہ شوق سے کھاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ان بیماریوں سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں روغنی کھانے پینے کی اشیا سے اجتناب برت کر پھلوں ، سبزیوں، ٹھنڈے مشروبات اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے،2015 کے دوران شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک سے کئی درجن شہری امراض کا شکار ہوگئے تھے، رواں سال رمضان میں بھی شدید گرمی کے خدشات ہیں، شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک کا خطرہ رہتا ہے جس میں متاثرہ فرد کو شدید پسینہ اور چکر آنے لگتے ہیں۔