ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں، دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال
اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے وہیں دریاؤں میں بھی سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی علاقوں میں یہ بارشیں اللہ کی رحمت ثابت ہورہی ہیں تو متعدد مقامات پر انتظامیہ کی غفلت نے انہیں عوام کے لیے سراسر زحمت بنادیا ہے۔
سندھ کی صورت حال
سندھ کے بیشتر علاقے مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کے زیر اثر ہیں، میر پور خاص، تھر اور عمر کوٹ میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سکھر، گھوٹکی، میرپور ماتھیلو، اوباڑو، شکارپور، کندھکوٹ اور پنوعاقل میں آج علی الصبح بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگٸے ہیں، شہری علاقوں میں سیوریج کا نظام بیٹھ گیا ہے جس کی وجہ سے گندا پانی بھی بارش کے پانی کے ساتھ مل گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
جوہی میں کھیر تھر کے پہاڑی سلسلے سے آنے والے پانی کے باعث نئی گاج ندی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بارش اور سیلاب کے باعث 300 دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چھور میں 82، مٹھی میں 73، موہن جو دڑو میں 34، بدین میں 29، ٹھٹہ میں 15، جیکب آباد میں 8، پڈعیدن میں 7، لاڑکانہ اور حیدر آباد میں 6، روہڑی 5 اور سکھر میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔