یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ، برطانوی وزیراعظم نے 15 اکتوبر کی ڈیڈلائن مقرر کردی
ندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بریگزٹ کے بعد یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدے سے متعلق خدشات کو دور کرتے ہوئے 15 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔
برطانیہ کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ڈیوڈ فراسٹ نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ برطانیہ تجارتی مذاکرات کے لیے کبھی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔یورپی یونین اور برطانیہ کے مابین تجارتی مذاکرات کا 8واں دور رواں ہفتے لندن میں شروع ہونا ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے گزشتہ روز تجارتی مذاکرات کے لیے 15اکتوبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ اگر یورپی یونین رواں سال کے اختتام تک تجارتی مزاکرات کو طول دینے سے متعلق غور کر رہا ہے تو اس معاملے کو طول دینے کی کوئی وجہ نہیں ہے اور 15اکتوبر کے بعد انھیں نہیں لگتا کہ برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ ہم اپنے یورپیئن دوستوں کے ساتھ ہر قسم کے حالات میں بات چیت کے لیے تیار ہیں برطانیہ نے رواں برس جنوری میں یورپی یونین کو چھوڑ دیا تھا۔ فریقین کے درمیان مستقبل کے تعلقات سے متعلق بات چیت کا وقت دسمبر میں ختم ہو رہا ہے۔