ٹی ریکس ڈائنوسار کا مکمل ترین ڈھانچہ برائے فروخت، قیمت 80 لاکھ ڈالر

نیویارک: خونخوار، پھرتیلے اور گوشت خور ڈائنوسار ٹی ریکس کا مکمل ترین ڈھانچہ اگلے ماہ نیلامی کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔ توقع ہے کہ شوقین حضرات اس کے لیے 60 سے 80 لاکھ ڈالر کی رقم پر راضی ہوجائیں گے۔

ٹی ریکس کو اسٹین کا نام دیا گیا ہے دو عشروں تک ڈکوٹا کے بلیک ہلز انسٹی ٹیوٹ میں زیرِ مطالعہ رہا ہے۔ اس پر تحقیق سے کئی مقالے اور مطالعے منظرِ عام پر آئے ہیں۔

ڈائنوسار کی بلندی 13 فٹ اور دم تک لمبائی 40 فٹ ہے۔ اس میں ہڈیوں کی کل تعداد 188 ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا کا سب سے مکمل ترین ٹی ریکس ڈھانچہ قرار دیا گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ اسٹین کا وزن افریقی ہاتھی سے بھی دوگنا رہا ہوگا۔

اس کی اولین ہڈیاں ارضیاتی طور پر ہیل کریک فارمیشن سے ملی تھی۔ اسے ایک شوقیہ ماہرِ معدومیات اسٹین سیکریسن نے دریافت کیا تھا اور یہ ڈائنوسار اب اسی کے نام سے معنون ہے۔ اسے پہاڑوں سے نکالنے کے لئے انسانی مشقت کے 30 ہزار گھنٹے لگے اور پھر پورا ڈھانچہ سیٹ کیا گیا۔ اس ڈائنوسار کی گردن کی دو ہڈیاں آپس میں جڑی ہیں جو کسی چوٹ کی جانب اشارہ کرتی ہیں لیکن یہ اس حادثے کے بعد بھی زندہ رہا ہوگا۔

اس کا سب سے لمبا دانت گیارہ انچ بڑا ہے اور یہی اسے ایک شاہکار فاسل بناتا ہے۔ سب سے پہلے اسے نیویارک کے کرسٹیز راک فیلر سینٹر 24 گھنٹے تک نمائش کے لئے رکھا جائے گا اور 6 اکتوبر کے قریب اسے نیلام کیا جائے گا۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے