ٹرمپ کے بعد امریکی فوجی قیادت بھی کورونا کا شکار ٹرمپ کے بعد امریکی فوجی قیادت بھی کورونا کا شکار

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد کووِڈ 19 نے وائٹ ہاؤس کے عملے اور امریکی فوجی قیادت کو بھی اپنا شکار بنانا شروع کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ ایڈمرل چارلس رے بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جس کے بعد یو ایس جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی اور دیگر اہم فوجی سربراہان نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کے مشیر اسٹیفن ملر، جو امریکی صدر کی تقریریں بھی لکھتے ہیں، گزشتہ روز اپنے کورونا وائرس سے متاثر ہونے اور خود کو قرنطینہ کرنے کی تصدیق کرچکے ہیں۔ انہیں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے پانچ روز ہوچکے ہیں۔

قبل ازیں ان کی اہلیہ اور نائب صدر مائیک پینس کی ترجمان کیٹی ملر بھی مئی کے مہینے میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکی تھیں تاہم بعد میں وہ صحت یاب بھی ہوگئیں۔

جولائی کے مہینے میں اسٹیفن ملر کی 97 سالہ دادی مسز گلوسر کا انتقال بھی کورونا وائرس سے ہوا تھا۔ یہ خبر چھپانے کے باوجود پھیل گئی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس ماہ کے آغاز میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد اسپتال میں داخل ہوگئے تھے۔ گزشتہ روز اسپتال سے واپسی پر انہوں نے احتیاطی تدابیر کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے ماسک اتار پھینکا اور عوام سے کہا کہ انہیں کورونا وائرس سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے