صدر پیوٹن کی سالگرہ پررُوس کا ہائپرسپر سانک کروزمیزائل کا کامیاب تجربہ
ماسکو: صدر ولادیمر پیوٹن کی سالگرہ کے موقعے پر رُوس نے کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف ویلیری گراسیموف نے بدھ کو ویڈیو لنک کے ذریعے صدر ولادیمر پیوٹن کو ہائپر سونک کروز میزائل کا تجربہ کام یاب ہونے کی اطلاع دی۔
چیف آف جنرل اسٹاف نے صدر کو بتایا کہ ان کی 68 ویں سالگرہ کے موقعے پر شمالی روس کے بحیرہ ابیض میں موجود ایڈمرل گورشکوف بحری بیڑے نے میزائل داغا جو ٹھیک نشانے پر جا کر لگا۔
صدر پیوٹن نے بدھ کو ہونے والے کام یاب تجربے کو سراہا اور اسے روسی افواج اور عوام کے لیے اہم موقعہ قرار دیا۔ واضح رہے کہ مغربی میڈیا میں روس کے مردِ آہن کی شہرت رکھنے والے ولادیمر پیوٹن نے 2018 میں اپنے ملک کی دفاعی قوت کو کئی گنا بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔