’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کو بھی پیچھے چھوڑدے گی، حمزہ علی عباسی
کراچی: اداکار حمزہ علی عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی آنے والی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ ، ’’فلم جوانی پھر نہیں آنی‘‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی۔
حمزہ علی عباسی نے حال ہی میں لندن سے تعلق رکھنے والے پاکستانی چینل کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے اپنی آنے والی فلم اور ڈراما ارطغرل سمیت کئی موضوعات پر باتیں کی ہیں۔ انٹرویو کا ٹیزر ریلیز ہوچکا ہےاور مکمل انٹرویو چند روز میں ریلیز کردیا جائے گا۔
فلموں میں آئٹم نمبرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے کہا آئٹم نمبرز مذہبی نقطہ نظر اور سیکیولر نقطہ نظر سے صحیح نہیں ہیں۔ انہوں نے آئٹم نمبرز سے متعلق اپنے خیالات بتاتے ہوئے کہا آپ عورت کی اسکرین پر توہین نہیں کرسکتے اور آپ اسے آرٹ کہتے ہیں۔
میزبان نے ان سے پوچھا کہ لوگ کہتے ہیں آپ نے ٹوئٹر پر فالوورز خریدے ہیں کیا یہ سچ ہے جس کے جواب میں حمزہ علی عباسی نے ہنستے ہوئے کہا اگر میں فالوورز خریدتا تو مجھے ٹوئٹر پر 3.1 ملین (31 لاکھ) فالوورز کرنے میں سات سال کا عرصہ نہیں لگتا۔ کیونکہ آپ خرید کر 6 ماہ میں 10 ملین تک فالوورز بڑھاسکتے ہیں اور اگر میں واقعی فالووورز خریدتا تو کم از کم 10 ملین تو خریدتا۔
اپنی آنے والی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے کہا کہ میں اس فلم کولے کر بہت پرجوش ہوں کیونکہ یہ فلم بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بنی ہے۔ اس کے علاوہ اس فلم کی عمدہ کہانی اور عمدہ اسکرین پلے ہے اس لیے مجھے لگتا ہے یہ فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ کو بھی پیچھے چھوڑد ے گی۔