ڈھائی لاکھ معتمرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت
ریاض: سعودی عرب کی کمیٹی برائے حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ 18 اکتوبر سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ مقامی معتمرین کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔
سعودی میڈیا کے مطابق 4 اکتوبر کے بعد عمرے کی ادائیگی سے مرحلہ وار پابندی اُٹھانے کی اجازت دیدی گئی ہے جس میں صرف 6 ہزار مقامی معتمرین عمرہ ادا کرسکتے تھے تاہم اب 18 اکتوبر سے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو رہا ہے جس میں 2 لاکھ سے زائد مقامی معتمرین کو عمرہ ادائیگی کی اجازت ہوگی۔
اس حوالے سے سعودی عرب کی قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن حانی العمیری نے بتایا کہ 18 اکتوبر دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ معتمرین کے علاوہ 6 لاکھ سے زائد عبادت گزاروں کو مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔
حانی العمری نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے کے لیے مسجد نبوی میں روضہ مبارک کےعلاوہ مسجد نبوی کا پرانا حصہ بھی کھول دیا جائے گا۔ قبل ازیں 31 مئی سے مسجد نبوی کے صرف صحن میں نماز کی ادائیگی کی اجازت تھی۔
واضح رہے کہ یکم نومبر سے تیسرے مرحلے میں غیر ملکی زائرین کو بھی عمرہ ادائیگی اور روضہ شریف پر حاضری کی اجازت ہوگی تاہم یہ واضح نہیں کہ کتنے ممالک کے شہریوں کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔