دنیا کا مہنگا ترین صابن، ایک ٹکیہ کی قیمت 4 لاکھ 50 ہزار روپے!
تریپولی: لبنان کے شہر تریپولی میں ایک چھوٹی سی کمپنی کا بنایا ہوا ایک صابن اتنا مہنگا ہے کہ اس کی 100 گرام والی ٹکیہ 2,800 ڈالر میں فروخت کی جاتی ہے جو پاکستانی حساب سے 4 لاکھ 50 ہزار روپے بنتے ہیں۔ اس صابن کی تیاری میں سونے کے باریک ذرّات کے علاوہ ’ہیرے کا سفوف‘ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
خبروں کے مطابق تریپولی، لبنان میں روایتی طریقے پر صابن بنانے والی ایک چھوٹی سی کمپنی پچھلے 500 سال سے بہت مہنگے صابن کے علاوہ جلد کی حفاظت کرنے والی مہنگی مصنوعات فروخت کررہی ہے۔ یہ کمپنی ایک خاندان کی ملکیت ہے اور اس کا موجودہ نام ’’بدر حسن اینڈ سنز‘‘ ہے۔
یہ مصنوعات ہر جگہ دستیاب فروخت نہیں بلکہ صرف دبئی اور متحدہ عرب امارات کی چند ایک دکانوں پر فروخت کی جاتی ہیں، جہاں ہر چیز بے حد مہنگی اور انتہائی مالدار طبقے کےلیے ہوتی ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں اس کمپنی کے سربراہ عامر حسن ایک صابن کی چھوٹی سی ٹکیہ دکھاتے ہوئے اس کی قیمت بتارہے ہیں جو 2,800 ڈالر ہے۔
قبل ازیں 2015 میں بھی بی بی سی نیوز پر اس صابن کے بارے میں ایک مختصر رپورٹ چلائی جاچکی ہے:
اس کی تیاری میں ’زیتون کا خالص تیل، اصلی شہد، عود اور کھجور کے رس کے علاوہ علاوہ سونے کے باریک ذرّات اور اصلی ہیروں کا سفوف بھی شامل کیے جاتے ہیں جو اس کی قیمت کو آسمان پر پہنچانے کا باعث ہیں۔
یہ تو معلوم نہیں کہ یہ صابن دکانوں پر بھی فروخت کیا جاتا ہے یا نہیں لیکن اس کے بارے میں جتنی بھی تفصیلات دستیاب ہیں، انہیں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ صرف مخصوص گاہکوں کی فرمائش پر ہی تیار کیا جاتا ہوگا۔
صابن کی ہر ٹکیہ میں اصلی ہیروں کے چند گرام سفوف کے علاوہ 24 قیراط سونے کے 17 گرام جتنے باریک ذرّات بھی شامل ہوتے ہیں۔ جب یہ ٹکیہ تیار ہوجاتی ہے تو اسے ایک خوبصورت اور جاذبِ نظر پاؤچ میں بند کرنے کے بعد اس پر خریدار کے نام کی دیدہ زیب خطاطی کی جاتی ہے۔
اس صابن کا نام ’’خان الصابون‘‘ (صابنوں کا سردار) ہے جسے پہلی بار 2013 میں قطری خاتونِ اوّل کےلیے منفرد ترین تحفے کے طور پر تیار کیا گیا تھا۔ تب سے لے کر آج تک دنیا کے مہنگے ترین صابن کا اعزاز بھی اسی کے پاس ہے۔