ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے شدید سردی

اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چترال بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ گزشتہ رات سے جاری ہے۔ لواری ٹنل پر 5 انچ برف پڑی ہے جس کے باوجود لواری ٹنل روڈ پر آمدورفت جاری ہے۔

بالائی چترال کے کھوت ، لاسپور ، شندور اور تریچ جبکہ لوئر چترال کے گرم چشمہ ، کالاش ویلیز ، مڈکلشٹ میں بارش وبرفباری ہوئی جس سے سردی کی شدت دگنی ہوگئی۔ شدید سردی کی وجہ سے جلانے کی لکڑی کی مانگ بڑھ گئی جس کے نتیجے میں اس کی قیمت میں اتنا زیادہ اضافہ ہوگیا کہ وہ لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہونے لگی ہے۔
ادھر دیر کے شہری علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ دوسرے بھی جاری رہا۔ کمراٹ، لواری ٹنل، شاہی بن شاہی، لڑم، کلپانی، منجئی کنڈوو، عشرئی درہ بروال، طورمنگ درہ، نہاگ درہ کارودرہ اور دیگر علاقوں پر برف باری ہورہی ہے جس سے رابطہ سڑکیں بند پڑی ہیں اور بجلی بھی منقطع ہے۔

اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، قلات، ژوب اور دالبندین میں بارش ہوئی جبکہ خیبر پختون خوا میں مالم جبہ، استور، اسکردو اور کالام میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے