نئے سال کی پہلی تبدیلی ، سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

لاہور :حکومت نے سی سی پی او عمر شیخ کو تنازعات اور لاہور میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح کے پیش نظر عہدے سے ہٹاتے ہوئے غلام محمود ڈوگر کو تعینات کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق غلام محمود ڈوگر آر پی او فیصل آباد تعینات تھے جنہیں لاہور میں سی سی پی او کا عہدہ دیدیا گیاہے ، غلام محمود ڈوگر لاہور میں اس سے قبل ڈی آئی جی آپریشنزکی ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں ۔ان کا انٹرویو کچھ دیر پہلے ایوان وزیراعلیٰ میں کیا گیا اور فوری طور پر انہیں چارج سنبھالنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔نئے تعینات ہونے والے سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیور منٹ بھی تعینات رہ چکے ہیں ۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمر شیخ لاہور میں کارکردگی نہیں دکھا سکے اور کرائم ریٹ روزانہ کی بنیاد پر بڑھتا ہی چلا جارہا تھا ۔ یاد رہے کہ عمر شیخ کا تعیناتی کے فوری بعد سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے ساتھ جھگڑا بھی سامنے آیا تھا تاہم بعدازاں آئی جی کو ہی تبدیل کر دیا گیا تھا ۔

عمر شیخ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد تین چار ایسے آفیسر کو عہدے سے ہٹوایا جن کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی ، انہوں نے دوست محمد جو کہ ایس ایس پی ماڈل ٹاﺅن تھے ، کو تین کروڑ روپے کرپشن کے الزام میں عہدے سے فارغ کروایا تھا ۔عمر شیخ نے لاہور کے تمام ایس ایچ اوز اور ایس پی آفسران کو تبدیل کر دیا تھا ۔اس کے علاوہ عمر شیخ اور دیگر افسرا ن کے درمیان اکثر تنازعات کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں ۔

admin

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے